بغداد11جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ موصل کی بازیابی کے لیے عراقی فورسز اور اس کی مدد کرنے والے امریکی اتحاد نے اس طرح کے حملے کیے جو انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور یہاں تک کہ جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی اس بین الاقوامی تنظیم کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شدت پسند گروپ داعش نے بھی اپنے جنگجوؤں کو بچانے اور عراقی فورسز کی پیشقدمی کو روکنے کے لیے عام شہریوں کوبطورڈھال استعمال کیا اور اس طرح انہی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا۔ ایمنسٹی کے اندازوں کے مطابق عراقی فورسز کی طرف سے صرف مغربی موصل میں کیے جانے والے آپریشن کے دوران قریب 3700 افراد ہلاک ہوئے۔